اسلام آباد۔4مئی  (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ  محمد اسحاق ڈار سے نائجر کے وزیر خارجہ    نے  ملاقات کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ  سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گیمبیا کے شہر بنجول میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے 15ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنے نائیجیرین ہم منصب باکاری یاؤ سنگرے کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی۔دونوں وزراء نے باہمی دلچسپی کے  مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ بات چیت اور خاص طور پر اقتصادی شعبہ  میں  دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ۔ فریقین نے او آئی سی کے فریم ورک کے اندر رابطہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا اور او آئی سی کے اندر اور اس سے آگے کے اجتماعی مفاد کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر بھی  اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم  محمد اسحاق ڈار نے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر نائیجر کی  جانب سے پاکستان کی حمایت اور جموں و کشمیر تنازعہ پر اس کے اصولی موقف کو سراہا۔ وزیر خارجہ باکاری یاؤ سنگرے  نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے موقف کے ساتھ یکجہتی پر زور دیتے ہوئے تنازعہ کشمیر پر نائجر کے مستقل موقف کا اعادہ  بھی کیا۔