
اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ریاست مدینہ کی طرز پر عوام کو با اختیار بنانے کے اپنے نصب العین پر عمل پیرا ہیں۔ریڈیو پاکستان کے حالات حاضرہ کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عام آدمی کیلئے صحت کارڈ، احساس پورٹل جیسی کئی سکیمیں شروع کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے بھی کئی اقدامات کئے ہیں جس میں انہیں ووٹ کا حق دینا، روشن ڈیجیٹل اکائونٹس اور املاک سے متعلق مسائل کو ترجیجی بنیادوں پر حل کرنا شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سابقہ حکمرانوں کے برعکس ایک راست باز اور شفاف شخص ہیں ،سابق حکمرانوں نے کرپٹ طریقوں سے پیسہ کمایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اپنے عزم کے ساتھ ملک کو ایک حقیقی فلاحی ریاست میں تبدیل کریں گے جیسا کہ مدینہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قائم کیا تھا جہاں نہ صرف مسلمانوں کو بلکہ غیر مسلم اقلیتوں کو بھی انصاف فراہم کیا گیا تھا۔