اسلام آباد۔ 25 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر ریاستیں و سرحدی امور جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ برابری کی بنیاد پر ملک کے کونے کونے میں یکساں تعلیم کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے ، قیام پاکستان میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے گمنام شہدائ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، قیام پاکستان سے آج تک اردو کو بطور قومی ز بان رائج کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو عین الدین صدیقی کی کتاب ”مسلم ورلڈ“ کی تقریب رونمائی میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو صحیح معنوں میں تربیت دینے میں ناکام رہے ہیں جس کی بنیادی وجہ ملک میں یکساں تعلیم کا نہ ہونا ہے، دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں اس وقت تک 60 ہزار لوگ شہید ہوئے ہیں جن میں سکیورٹی فورسز کے ہزاروں اہلکار بھی شامل ہیں، صفورا گوٹھ کے دہشت گردی کے واقعہ میں جس لڑکے نے اپنے آپ کو اڑایا وہ اعلی تعلیم یافتہ تھا لیکن اس کے باوجود وہ ان لوگوں کے ہاتھ چڑھ گیا جو ملک میں دہشت گردی میں ملوث ہیں۔